پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کو حقوق سے محروم رکھنے کی سازش

   

ڈاکٹر امبیڈکر کی قیامگاہ پر حملہ کی مذمت، وی ہنمنت راؤ کا احتجاج
حیدرآباد: سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی قیامگاہ پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ دستور اور تحفظات کے مخالفین کی جانب سے یہ کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو تحفظات کی مخالفت کرنے والی طاقتیں سرگرم ہیں اور وہ پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کو پست ہمت کرنا چاہتی ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ دستور کے خلاف سازش کرتے ہوئے پسماندہ طبقات کو تحفظات سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کو چاہئے کہ ان سرگرمیوں پر روک لگائیں۔ انہوں نے ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر دستور ، جمہوریت اور تحفظات کو بچانے کیلئے متحد ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دلتوں اور پسماندہ طبقات کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔ مہاراشٹرا میں امبیڈکر کے مجسموں کو نقصان پہنچانے کے کئی واقعات پیش آئے۔ انہوں نے مہاراشٹرا حکومت سے حملہ کے واقعہ کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔