اسلام آباد۔15؍اکتوبر ( ایجنسیز ) پاکستان کے پشاور میں تین منزلہ خانگی اسکول کی چھت گرنے سے متعدد بچوں اور ایک خاتون ٹیچر سمیت 35 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حکام کے مطابق خانگی اسکول کی چھت گرنے کا واقعہ دیر کالونی میں پیش آیا جس میں متعدد بچے ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے۔لیڈی ریڈنگ ہاسپٹل انتظامیہ کا کہنا ہیکہ ہاسپٹل میں 33 نعشیں لائی گئیں جب کہ 2 نعشیں نصیر اللہ بابر میموریل ہاسپٹل میں لائی گئیں۔جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 7 سے 13 سال کے درمیان ہیں۔ حادثہ میں زخمیوں کی تعداد 40 سے زیادہ ہے جب کہ نجی اسکول کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اسکول کے پرنسپل کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ ادارہ کب بنا تھا، اس کی انکوائری ہو رہی ہیجبکہ حادثہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت 3 منزلہ تھی اور ملبہ ہٹایا جا رہا ہے تاکہ ملبے میں دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے اسکول کی چھت گرنیکے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ اسکول سانحے میں جاں بحق بچوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔دیر کالونی میں اسکول حادثے کے بعد صوبے کے نجی اسکولوں کی عمارتوں کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔غیر محفوظ عمارتوں کی نشاندہی کرکے ضروری مرمت اور حفاظتی اقدامات کی سفارش کی جائے گی۔ مشیر اطلاعات برائے گورنر مشاورتی کونسل ثمر ہارون بلور نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جاں بحق اور زخمی بچوں کے اہلخانہ کو امدادی پیکج دیا جائیگا۔