پشکر میں ریاست کا پہلا سینڈ آرٹ پارک تیار

   

اجمیر : راجستھان میں اجمیر کے قریب تیرتھ راج پشکر میں ریاست کا پہلا ‘‘سینڈ آرٹ پارک ’’ تیار ہوگیا ہے ۔وزیر اعلی اشوک گہلوت کی جانب سے سینڈ پارک کے لیے زمین اور بجٹ کی الاٹمنٹ کے بعد، یہ سینڈ آرٹ پارک پشکر میں ساوتری مندر کے دامن میں اجمیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے الاٹ کی گئی دو بیگھہ زمین پر تیار کیا گیا ہے ۔پشکر کے سینڈ آرٹسٹ اجے راوت نے بتایا کہ سینڈ آرٹ پارک کا تصور کافی عرصے سے تھا اور آج اس نے عملی شکل اختیار کر لی ہے اور اب جلد ہی اس کا افتتاح ہونے والا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پشکر کے ریتیلے علاقوں میں تیار کیے گئے اس پارک میں ریت کے مجسمے تیار کیے گئے ہیں جو سیاحوں اور دیکھنے کے لیے توجہ کا مرکز ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ موسم برسات کے پیش نظر دو فن پاروں کو مستقل طور پر تیار کیا گیا ہے تاکہ بارشوں سے یہ خراب نہ ہوں۔ باقی پانچ نمونے ریت سے بنائے گئے ہیں جنہیں وقتاً فوقتاً تبدیل کیا جا سکتا ہے اور اسے تبدیل کر کے نئے فن پارے تیار کیے جائیں گے ۔