پلاٹ الاٹمنٹ معاملے میں ہڈا اور وورا کی ضمانت منظور

   

پنچکولہ، 3جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا اور کانگریس کے سینئر لیڈر موتی لال ووہرا کی آج ایسوسی ایٹیڈ جرنلس لمیٹیڈ (اے جے ایل) کو مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے پلاٹ الاٹ کرنے کے معاملے میں ضمانت منظور ہوگئی۔اے جے ایل کو پنچکولہ میں یہ پلاٹ 2005میں الاٹ کیا گیا تھا۔ یہ معاملہ پنچکولہ میں سی بی آئی کی عدالت میں ہے ۔سی بی آئی عدالت کے جج جگدیپ سنگھ نے مسٹر ہڈا اور مسٹر ووہرا کو پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکہ پر ضمانت منظور کی۔اس معاملے کی اگلی سماعت چھ فروری کو ہوگی۔ دونوں کو معاملے میں دائر سی بی آئی کی طرف سے چارج شیٹ کی کاپی سونپ دی گئی ہے ۔ سی بی آئی نے پچھلے سال مسٹر ووہرا ، مسٹر ہڈا اور اخبار نیشنل ہیرالڈ کے ناشر اے جے ایل کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔