پنجاب اسمبلی : اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان کارروائی آدھے گھنٹے کیلئے ملتوی

   

چنڈی گڑھ : پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوسرے دن جمعرات کو کانگریس نے کابینی وزیر فوجی سنگھ سراری کے مبینہ آڈیو کے پیش نظر انہیں برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ جس کے باعث ایوان کی کارروائی آدھے گھنٹے کے لیے ملتوی کرنی پڑی۔وقفہ صفر شروع ہوتے ہی کانگریس پارٹی کے لیڈر پرتاپ سنگھ باجوہ نے کہا کہ کابینہ وزیر فوج سنگھ سراری کے مبینہ آڈیو پر اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔ اپوزیشن سراری کی برطرفی کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ اسمبلی اسپیکر کلدیپ سنگھ سندھوان نے کانگریس کے ارکان سے کہا کہ وہ اپنی نشستوں پر جاکر بات کریں اور وزیر کی برطرفی کے معاملے میں ایوان کے لیڈر آکر جواب دیں گے ۔ ان کی اپیل کا کوئی اثر نہیں ہوا اور اپوزیشن نعرے لگاتے ہوئے ایوان کے بیچ میں آگئی۔ اس سے کارروائی میں خلل پڑا۔ ایوان کی کارروائی آدھے گھنٹے کے لیے ملتوی کرنی پڑی جس کے باعث ایوان کی کارروائی متاثر ہوئی اور اپوزیشن ارکان کی جانب سے شدید نعرے بازی بھی جاری رہی۔