پنجاب انتخابات کیس؛ سپریم کورٹ کا اسٹیٹ بینک کو فنڈز جاری کرنے کا حکم

   

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کے لئے قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک کو الیکشن کمیشن کو براہ راست فنڈز جاری کرنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس منیب اختر اور جسٹس اعجاز الاحسن نے اِن چیمبر سماعت کی جس میں اٹارنی جنرل، وزارت خزانہ کے حکام پیش ہوئے۔دورانِ سماعت اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت انتخابات کیلئے فنڈز کے اجرا میں بے بس ہے، پارلیمنٹ نے حکومت کو فنڈز جاری کرنے کا اختیار ہی نہیں دیا تو فنڈز کیسے جاری کریں۔دوران سماعت سیکرٹری الیکشن کمیشن، وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک حکام نے فنڈز کی عدم فراہمی کے بارے میں موقف تین رکنی بنچ کے سامنے رکھا۔ذرائع کے مطابق سماعت کے دوران قائم مقام گورنر سٹیٹ بینک کے ہمراہ آنے والے دیگر افسران کو چیمبر سے باہر بھیج دیا گیا جبکہ وزارت خزانہ کے سپیشل اور ایڈیشنل سیکرٹری کے علاوہ دیگر حکام کو بھی سماعت کے وقت باہر بھیجا گیا، اٹارنی جنرل، سیکرٹری اور ڈی جی لاء￿ الیکشن کمیشن سماعت میں موجود رہے۔