پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے دو ارکان اسمبلی مستعفی ہوگئے

   

40 امیدواروں کی فہرست جاری کرنے کے دوسرے ہی دن پارٹی کو لگا بڑا جھٹکا

چندی گڑھ ۔ یکم نومبر ( ایجنسیز ) پنجاب میں برسر اقتدار عام آدمی پارٹی کو اپنے 40 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے کے ایک دن بعد ہی بڑا جھٹکا لگا ہے کیونکہ دو ارکان اسمبلی ہرمیت سنگھ پتھن ماجرا اور چیتن سنگھ جورا ماجرا نے پارٹی سے استعفی پیش کردیا ہے ۔ ان دونوں ارکان اسمبلی نے چندی گڑھ پریس کل میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا اور پارٹی کنوینر اروند کجریوال اور بیبھو کمار پر تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جو سیاسی اور انتظامی صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کیلئے یہی دونوں ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کئی اہم انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل الزام عائد کرتے ہوئے چیف منسٹر بھگونت مان حکومت پر بھی تنقید کی ۔ اپنے استعفوں کی وجوہات بیان کرتے ہوئے ان دونوں ارکان اسمبلی نے کہا کہ پارٹی اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی ہے ۔ ان ہی وعدوں کی بنیاد پر پنجاب کے عوام کے ووٹ حاصل کئے گئے تھے اور اب ان ہی وعدوں کو فراموش کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں منشیات کا عروج ہوگیا ہے اور کرپشن بھی بڑھ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال ابتر ہے ۔ کسان برادری مسائل کا شکار ہے ۔ ملازمین کو بقایہ جات ہیں اور تعلیم اور نگہداشت صحت کے شعبوں میں خامیاں پائی جاتی ہیں۔ ان ارکان اسمبلی نے کہا کہ حکومت نے پنجاب کو منشیات سے پاک بنانے کا وعدہ کیا تھا تاہم ریاست میں منشیات کی لعنت مزید بڑھ گئی ہے ۔ اب منشیات کو عوام کے گھروں تک پہونچایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کئی خاندان ٹوٹ رہے ہیں ۔ انہوں نے منشیات کے خلاف جدوجہد کرنے والے افراد پر حملوں کے تعلق سے بھی حکومت سے سوال کیا اور کئی واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے حالات کو بھی پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال ابتر ہوگئی ہے اور عوام کی سلامتی پر بھی سوال پیدا ہو رہے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں گینگسٹر کلچر فروغ پا رہا ہے ۔ جبری وصولی ہو رہی ہے اور غیر قانونی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔