پنجاب میں 43 ہزار کروڑ کے پراجکٹس کا آج سنگ بنیاد

   

چندی گڑھ: وزیر اعظم نریندر مودی چہارشنبہ 5 جنوری کو پنجاب آئیں گے اور فیروز پور میں 100 بستروں پر مشتمل پی جی آئی سیٹلائٹ سینٹرسمیت ریاست میں 42750 کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ ایک بڑی ریلی سے خطاب کریں گے ۔مرکزی زرعی قوانین منسوخ کرنے کے بعد مودی کا پنجاب کا یہ پہلا دورہ ہوگا ۔ مودی فیروز پور میں 490 کروڑ روپے کی لاگت کے 25 ایکڑ رقبے میں مجوزہ 100 بستروں والے پی جی آئی سیٹلائٹ سینٹر اور تقریباََ 410 کروڑ روپے روپے مکیریاں-تلواڑہ 27 کلومیٹر لمبی نئی براڈ گیج ریلوے لائن کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ اس ریل لائن سے ننگل ڈیم۔ دولت پور چوک ریلوے سیکشن کو توسیع دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ تقریباً 39500 کروڑ روپے کی لاگت سے 669 کلومیٹر طویل دہلی-امرتسر-کٹرا ایکسپریس وے 1700 کروڑ روپے لاگت سے 77 کلومیٹر لمبی امرتسر-اونا شاہراہ کی فور لیننگ اور کپورتھلا اور ہوشیار پور میں 325 کروڑ روپے کی لاگت سے 100 بستروں پر مشتمل نئے میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ملک بھرمیں سڑک رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے مرکزی حکومت کی کوششوں کے تحت پنجاب میں بھی مختلف قومی شاہراہوں کی ترقی کے لیے اقدامات کیے گئے ،جس کے نتیجے میں ریاست میں 2014میں قومی شاہراہوں کی لمبائی 1700 کلومیٹر تھی جو 2021میں بڑھ کر 4100 کلومیٹر ہو گئی ۔