42 فیصد بی سی تحفظات، اسمبلی میں بل کی منظوری کا امکان، عہدیداروں کو تیار رہنے چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد۔ /29 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے پنچایت راج اداروں کے انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ حکومت فروری میں پنچایت راج اداروں کے انتخابات مکمل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ مجالس مقامی کے چناؤ کی راہ ہموار کی جاسکے۔ جامع طبقاتی سروے کی رپورٹ کی بنیاد پر پنچایت راج اداروں اور مجالس مقامی میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں پنچایت راج اور مجالس مقامی میں بی سی طبقات کیلئے 42 فیصد نشستوں کو مختص کرنے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ سروے رپورٹ کی حکومت کو پیشکشی کے بعد کابینی سب کمیٹی سے سفارشات حاصل کی جائیں۔ ریاست میں پنچایت راج اداروں کی میعاد گذشتہ سال فروری میں ختم ہوچکی ہے اور سرپنچوں کی جگہ عہدیداروں کو اسپیشل آفیسر مقرر کرتے ہوئے روز مرہ کے کاموں کی تکمیل کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحفظات کے تعین کے 15 دن میں انتخابی عمل مکمل کرنے کیلئے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے کام میں مصروف ہے۔ اسپیشل آفیسر کے ذریعہ پنچایت راج اداروں کی کارکردگی کے نتیجہ میں مرکزی حکومت سے فنڈز کے حصول میں دشواری پیش آسکتی ہے لہذا حکومت نے انتخابی مرحلہ جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینی سب کمیٹی بی سی طبقات کیلئے طبقاتی سروے کے اعداد و شمار کے مطابق تحفظات کا تعین کرے گی۔ بی سی تحفظات سے متعلق بل کو اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے منظوری حاصل کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے فروری کے دوسرے ہفتہ تک تحفظات کے تعین اور آخری ہفتہ میں انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔1