پنڈت نہرو کے آبائی مکان آنند بھون کا 4.35 کروڑ ٹیکس باقی

   

لکھنؤ ۔ 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) الہ آباد میونسپل کارپوریشن نے ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو کے موروثی مکان آنند بھون پر 4.35 کروڑ روپئے ہاؤز ٹیکس کی عدم ادائیگی کی نوٹس جاری کی ہے۔ میئر ابھیلاشا گپتا نے میڈیا کو بتایا کہ ایک ہفتہ قبل یہ نوٹس دی گئی اور آنند بھون کے عہدیدار کوئی بھی ایسا دستاویز فراہم نہیں کرسکے جس سے یہ ثابت ہوسکے کہ آنند بھون ’’چیاریٹیبل بلڈنگ‘‘ ہے۔ عمارت کا ٹیکس ادا نہ کرنے کی وجہ بتائی گئی کہ یہ عمارت ’’چیاریٹیبل بلڈنگ‘‘ کے طور پر درج رجسٹر ہے لیکن جب آنند بھون کے عہدیداروں سے مناسب دستاویزات کے ذریعہ اپنے دعویٰ کو ثابت کرنے کیلئے کہا گیا تو وہ ایسا کرنے سے قاصر تھے۔ میئر نے بتایا کہ آنند بھون کے عہدیداروں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ’’ہیریٹیج‘‘ عمارت کے طور پر بلڈنگ حکومت کے حوالہ کردی گئی ہے تاہم اس سے متعلق ان کے پاس کوئی دستاویز نہیں تھے اور نہ ہی وہ انہیں دیئے گئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آنندبھون کے عہدیدار ڈسکاؤنٹ اور رعایت دینے کی بھی بات کررہے تھے لیکن کس بنیاد پر یہ دیا جاسکتا ہے۔