پنگا نہیں لینے کا ، ہربھجن کا ٹوئٹ

   

نئی دہلی ۔2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آف اسپر ہربھجن سنگھ آج کل کوروناوائرس کے درمیان سوشل میڈیا پر کئے گئے اپنے تبصرے کیلئے ناقدین کے نشانے پر ہیں۔ دراصل ہربھجن نے پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی حمایت میں ٹویٹ کیا تھا جس کے بعد ان کے مداح کافی ناراض ہوگئے تھے۔ ہر بھجن نے ٹویٹ کیا تھا اس وقت پوری دنیا مشکل حالات سے گزررہی ہے۔ مشکل وقت میں ہمیں ساتھ کھڑے ہونا چاہئے۔ شاہد آفریدی کی فاؤنڈیشن اچھا کام کررہی ہے۔ انسانیت کیلئے ہمیں مددکرنی چاہئے۔انہوں نے شاہد آفریدی کی حمایت میں ویڈیو پوسٹ کرنے کیلئے یوراج سنگھ، وسیم اکرم اور شعیب اختر کو بھی ٹیگ کیا تھا۔ اس کے بعد سے مداحوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا تھا۔ ہربھجن سنگھ ایک مرتبہ پھرسے سوشل میڈیا پر متحرک ہوئے ہیں۔ اس مرتبہ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے ایک پرانے میچ کا ویڈیو پوسٹ کیا ہے۔ اس میچ میں ہر بھجن گیند سے نہیں، بیٹ سے دھمال مچاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ خاص کر میچ میں ہربھجن سنگھ اور پاکستان کے فاسٹ بولر شعیب اخترکے درمیان بحث بھی ہوتی نظر آرہی ہیں۔ ہربھجن نے اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے، پنگا نہیں لینا۔ ہربھجن سنگھ کے اس ٹویٹ کے بعد ایک مداح نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ اب کچھ نہیں ہوگا پاجی۔ نقصان تو ہوچکا ہے۔ وہیں ایک مداح نے یہ بھی کہا کہ آپ نے اور یوراج سنگھ نے جو ملک کیلئے کیا ہے اسے کوئی بھولا نہیں ہے لیکن آپ دونوں کو ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا۔