پولیس اسٹیشن سے گانجہ غائب کرنے والا ہیڈ کانسٹبل اور کم عمر لڑکیاں گرفتار

   


حیدرآباد ۔ 7 جنوری (سیاست نیوز) پولیس اسٹیشن سے گانجہ کا سرقہ کرنے والی ایک ٹولی کا پولیس نے پردہ فاش کیا اور 2 افراد بشمول پولیس اسٹیشن سے وابستہ ہیڈ کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا جو کم عمر لڑکیوں کی مدد سے ضبط شدہ گانجہ کا سرقہ کرنے میں ملوث پایا گیا۔ پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں یہ واقعہ منظرعام پر آیا جہاں پولیس نے پولیس کو چوروں کی اشیاء چرانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ ضلع انکاپلی کے کوٹا پاڈو پولیس اسٹیشن سے گذشتہ دنوں 200 کیلو گانجہ غائب ہوگیا اور اس گانجہ کے اچانک پولیس تحویل سے غائب ہوجانے پر اسٹیشن کے عہدیداروں نے ضلع سپرنٹنڈنٹ سے شکایت کردی۔ پہلے اس بات کو راز میں رکھنے کی کوشش کی گئی لیکن پولیس بھی اس بات کو جاننا چاہتی تھی کہ آخر پولیس کی تحویل سے گانجہ چرانے کی کس کی ہمت ہوسکتی ہے۔ ضلع ایس پی گوتمی نے واقعہ کی تفصیلات کو حاصل کرنے کیلئے ایک خصوصی ٹیم کو تشکیل دیا اور ایڈیشنل ایس پی کو اس سارے معاملہ کی تحقیقات کی ذمہ داری دی گئی۔ چند ہی دنوں میں حقیقت منظرعام پر آگئی اور پولیس شیام کمار ہیڈکانسٹیبل اور اس کے ساتھی سندیپ کمار کو گرفتار کرلیا اور ان کے ہمراہ پولیس نے مزید تین کم عمر لڑکیوں کو حراست میں لیا جن کے ذریعہ گانجہ پولیس تحویل سے پار کروایا گیا۔ شیام کمار کوٹاپاڈو پولیس اسٹیشن سے وابستہ ہیڈ کانسٹیبل ہے۔ اس نے سندیپ کمار کو ترغیب دی اور تین کم عمر لڑکوں کی مدد حاصل کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن سے 200 کیلو گانجہ کا سرقہ کیا گیا۔ پولیس انکاپلی نے ہیڈکانسٹیبل اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا ہے اور کم عمر لڑکوں کو جوینائل ہوم منتقل کیا گیا ہے اور ان کے خلاف قانون کے دائرہ میں کارروائی کی جائے گی۔ع