پولیس اسٹیشن میں پولیس کی شکایت بھی ندارد

   

عام شہریوں کے ساتھ پولیس رویہ اور تعاون پر سوال ، کمیونٹی فرینڈلی پولیسنگ اکارت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کمیونٹی فرینڈلی پولیسنگ کے باوجود بھی آج شہر میں کئی ایسے واقعات پائے جاتے ہیں ۔ جہاں شکایت گذار کو پولیس اسٹیشن کے چکر کاٹنے پر مجبور کیا جاتا ہے لیکن جب ایسے ہی کچھ حالات کا سامنا خود پولیس کو کرنا پڑے تو پھر عام شہریوں کی تکلیف کا احساس ہوتا ہے ۔ پولیس ہی پولیس کی شکایت کو نظر انداز کردے تو پھر حالات کس طرح کے نتائج برآمد ہوں گے ۔ چار دن قبل کی گئی شکایت پر تاخیر سے مقدمہ درج کرنے والی پولیس خود شکایت گذار پولیس کو غلط ثابت کررہی ہے ۔ محکمہ پولیس میں شاید ایسا بالکل ہی شاذ و نادر ہوتا ہے ۔ عام طور پر ڈپارٹمنٹ کی شکایت پر کارروائی میں پولیس غیر معمولی عجلت کا مظاہرہ کرتی ہے ۔ قصہ مادھا پور ٹریفک پولیس اور رائے درگم لا اینڈ آرڈر پولیس کا ہے ۔ ٹریفک بہاؤ کو آسان بنانے میں مادھا پور ٹریفک پولیس مصروف تھی ۔ 22 ستمبر کی رات تقریبا 10 بجے گچی باولی کے علاقہ میں ٹریفک جام کی سنگین صورتحال اختیار کر گیا ۔ اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے ٹریفک پولیس مادھا پور نے وجوہات کا پتہ چلایا تو معلوم ہوا ہے کہ اس علاقہ میں ایک فلم کی شوٹنگ چل رہی ہے ۔ ٹریفک پولیس کو معلوم ہوا کہ بغیر کسی ایجنسی کی اجازت کے شوٹنگ جاری ہے ۔ ٹریفک پولیس نے شوٹنگ کرنے والوں کے خلاف رائے درگم پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ تاہم چار دن کے بعد 26 ستمبر کو ایف آئی آر درج کیا گیا ۔ اس ضمن میں پولیس رائے درگم کا کہنا ہے کہ انہیں شکایت صبح حاصل ہوئی تھی ۔ اور شام میں کیس درج کیا گیا ۔ اس صورتحال سے پولیس رائے درگم شخصی دلچسپی اور جانبداری کے الزامات کا سامنا کررہی ہے ۔ اعلیٰ عہدیدار اس معاملہ کی جانچ میں جٹ گئے ہیں ۔۔ ع