پولیس عملہ کو ’’ زیرو ‘‘ ایف آئی آر درج کرنے کا مشورہ

   

درخواست گذاروں کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آنے پر زور ، سی وی سجنار
حیدرآباد /18 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے آج پولیس عملہ پر ’’ زیرو ایف آئی آر ‘‘ کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے آج یہاں سی سی ٹی این آپریٹرس اور ریسپشنسٹ عملہ کی تربیت کلاسیس کو مخاطب کیا اور کہا کہ پولیس اسٹیشن سے رجوع ہونے والی عوام کے ساتھ کس طرح خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شکایت وصول ہونے سے سزاء کے قرار پانے تک درخواست کی اہمیت کا بڑا اہم رول ہوتا ہے ۔ کسی بھی صورت میں درخواست حاصل کرتے وقت 5 نکاتی فارمولہ 5W’sکی مکمل جانچ کرنی چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ نوتشکیل شدہ نظام انٹر پرینل کریمنل جسٹس سسٹم ( آئی سی ٹی ایس ) کس طرح کام کرتا ہے اور اس کا طریقہ کار کیا ہے ۔ اس کی مکمل آگاہی ضروری ہے ۔ اور اس سسٹم سے کسی طرح 5 پلروں پولیس عدالت ، جیل ، فارنسک اور فنگر پرنٹس شعبہ کو جوڑا گیا ہے ۔ اس کی معلومات حاصل ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دستاویزی امور میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی و کوتاہی نہیں کی جانی چاہئے ۔ جس کے سبب سارا نظام متاثر ہوسکتا ہے ۔ جو قابل برداشت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک عملہ و ملازم کو ٹکنالوجی کے استعمال کے تعلق سے مکمل آگاہ کیا جائے گا تاکہ ٹکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے خدمات میں بہتری پیدا کی جائے۔