احتجاج میں حصہ لینے کی اجازت نہیں، سابق وزیر کے سوالات کا جواب دینے سے قاصر
حیدرآباد۔7 ۔ اپریل (سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت جمہوری احتجاج کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ پولیس کی جانب سے انہیں گھر پر محروس رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن سے وابستہ عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنے گھر والوں سے مہنگائی کے بارے میں معلومات حاصل کریں ، اس کے بعد اپوزیشن کو احتجاج سے روکیں۔ کانگریس کی جانب سے ودیوت سودھا کے گھیراو کے اعلان پر پولیس نے محمد علی شبیر کی قیامگاہ کے روبرو اضافی دستوں کو تعینات کردیا تھا۔ وہ جیسے ہی گھر سے باہر نکلے پولیس عہدیداروں نے کہا کہ انہیں نکلس روڈ جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی کیونکہ احتجاج کے لئے اجازت حاصل نہیں کی گئی ۔ محمد علی شبیر نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ ریاست میں عام آدمی مہنگائی سے پریشان ہے ، ایسے میں ٹی آر ایس حکومت نے برقی شرحوں میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان دھان کی عدم خریدی سے پریشان ہیں۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنے گھر والوں سے بڑھتی مہنگائی کے بارے میں بات چیت کریں ، اس کے بعد اپوزیشن کے خلاف کارروائی کے بارے میں سوچیں۔ محمد علی شبیر کے سوالات پر پولیس عہدیدار خاموش رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ عہدیداروں نے جو ہدایت دی ہے، اس پر عمل کیا جارہا ہے ۔ شام تک محمد علی شبیر کو قیامگاہ پر محروس رکھا گیا۔ ر