پولیس کی تلاشی مہم کے دوران 35 لاکھ 50 ہزار کی رقم ضبط

   

اسکراپ کا تاجر زیر حراست ، مجوزہ انتخابات سے قبل پولیس کی سخت چوکسی
حیدرآباد : /5 اکٹوبر (سیاست نیوز) مجوزہ اسمبلی انتخابات سے قبل ہی پولیس نے دونوں شہروں میں تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی ہے جس کے نتیجہ میں غیرقانونی طور پر منتقل کئے جانے والی رقومات کا پتہ لگایا گیا ہے ۔ شہر میں ایک تازہ ترین کارروائی میں ساؤتھ ویسٹ زون پولیس نے اسکراپ تاجرین کے قبضے سے 35 لاکھ 50 ہزار روپئے کی رقم ضبط کرلی ہے۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس لا اینڈ آرڈر وکرم سنگھ مان نے بتایا کہ /4 اکٹوبر کی شب شاہ عنایت گنج پولیس کی ایک ٹیم پرانا پل بریج ، جمعرات بازار پر ناکہ بندی کرتے ہوئے گاڑیوں کی تلاشی میں مصروف تھی کہ ایک مشتبہ گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی ۔ اس گاڑی پر سوار دو افراد کے بیاگس کی تلاشی لینے پر 35 لاکھ سے زائد رقم موجود ہونے کا پتہ چلا ۔ پولیس کی ایک ٹیم نے 28 سالہ روہیت گری جو کلکشن ایجنٹ ہے اور 45 سالہ حمید اللہ اسکراپ تاجر ساکن مشیرآباد کو حراست میں لے کر ان کے قبضہ سے ضبط ہونے والی رقومات کے بارے میں تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن اطمینان بخش جواب نہ ملنے پر انہیں شاہ عنایت گنج پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔