پولیس کے تعاقب سے ایک نوجوان کی موت

   

سڈنی: سڈنی کے شمال مغرب میں پولیس کے تعاقب کے دوران مبینہ طور پر چوری کی گئی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے بعد ایک 17 سالہ لڑکے کی موت ہوگئی اور تین دیگر نوعمر زخمی ہوگئے۔ انہیں ہاسپٹل لے جایا گیا ہے۔ نیو ساؤتھ ویلز اسٹیٹ پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ چار نوعمروں نے مبینہ طور پر سڈنی سے تقریباً 330 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ایک چھوٹے سے قصبے نیرومائن کے ایک پٹرول اسٹیشن سے جمعرات کی رات تقریباً 11:15 بجے ایک گاڑی چوری کی تھی۔ تقریباً ایک گھنٹے بعد افسران نے گاڑی کو جائے وقوعہ سے 100 کلومیٹر سے زیادہ دور دیکھا اور اس کا تعاقب شروع کیا۔ این ایس ڈبلیوپولیس نے کہا کہ انہوں نے تھوڑی دیر بعد تعاقب ختم کر دیا، لیکن 12:45 بجے نیرومائن سے تقریباً 200 کلومیٹر دور کلبہ میں تعاقب دوبارہ شروع کیا، جہاں افسران نے سڑک پر کیلیں لگا دیں۔یہ گاڑی نیرومائن سے 320 کلومیٹر اور سڈنی کے شمال مغرب میں 650 کلومیٹر دور بورکے ٹاؤن شپ میں 1.30 بجے کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔ این ایس ڈبلیوپولیس نے کہا کہ افسران نے فوری طور پر کار میں سوار چار افراد کو مدد فراہم کی لیکن 17سالہ لڑکا موقع پر ہی دم توڑ گیا۔