پولیس کے رویہ کے خلاف گورنر سے شکایت کرنے کا فیصلہ

   

اتم کمار ریڈی کا اعلان، ڈائرکٹر جنرل پولیس کے رویہ کی مذمت

حیدرآباد۔/13 جون، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے حکومت پر پولیس کے ذریعہ کانگریس پارٹی کی آواز کو کچلنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ پولیس کے رویہ کے خلاف گورنر سے نمائندگی کی جائے گی۔ میڈیا کے نمائندں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس عوامی مسائل پر جدوجہد جاری رکھے گی۔ لاک ڈاؤن کی آڑ میں حکومت نے جو بوجھ عائد کیا ہے اس کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کے نام پر کرپشن کو عوام میں بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ، ڈی جی پی اور پولیس کمشنر حیدرآباد ملکر ڈرامہ بازی کررہے ہیں۔ ان کا مقصد اپوزیشن کی آواز کو کچلنا ہے۔ کانگریس قائدین کے خلاف پولیس کے رویہ کی گورنر سے شکایت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزراء سے بھی کانگریس نمائندگی کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پولیس کے غیرجمہوری رویہ کے معاملہ کو ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ کانگریس کو پراجکٹس کے معائنہ سے روکا گیا جبکہ چیف منسٹر دو مرتبہ پوچما ساگر پراجکٹ کا معائنہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر عوامی مسائل پر اپوزیشن سے ملاقات کرنے تیار نہیں ہیں۔ چیف منسٹر اور وزراء کیلئے کورونا کی کوئی پابندیاں نہیں ہیں جبکہ کانگریس پر تحدیدات عائدکی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں آئی پی ایس عہدیدار کلوا کنٹہ پولیس سرویس ( کے پی ایس ) میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ مہیندر ریڈی سے بارہا ربط پیدا کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ بات کرنے تیار نہیں ہوئے۔اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کو اپنی جاگیر تصور کررہے ہیں۔ عوام انہیں سبق سکھائیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس قائدین کی گرفتاریوں کی مذمت کی۔