پونے میں طالبات کو دھمکیاں دی گئیں ‘ کانگریس

   

بی جے پی پر راہول گاندھی کے پروگرام میں رکاوٹ کی کوشش کا الزام
ممبئی:22 اگست ( یو این آئ ) راہول گاندھی کے ‘چھاتروں کی گونج’ پروگرام کے سلسلے میں سی او ای پی میں طالبات نے اسکالرشپ کے مسئلے پر آواز اٹھائی، لیکن سوال کرنے والی طالبات کی بات سننے کی بجائے ان کو دھمکیاں دی گئیں۔ یہ اے بی وی پی کی غنڈہ گردی ہے اور طلبہ کی آواز دبانے والی اے بی وی پی کی اس غنڈہ گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بی جے پی حکومت کی اے بی وی پی کے غنڈوں کو حمایت حاصل نہ ہوتی تو ان میں یہ جرات نہیں ہوتی۔ یہ بات ممبئی کانگریس ترجمان سریش چندر راج ہنس نے کہی۔ پونے میں پُرتشدد واقعہ پر انہوں نے کہا کہ پونے کے واقعے میں این ایس یو آئی کی طالبات اور کارکنوں نے خوف زدہ طالبات کا ساتھ دینے کی کوشش کی تو پونے یوتھ کانگریس کارکنان آنند دوبے و ریحان بابوڈے کے ساتھ مارپیٹ کی گئی۔ یہ انتہائی سنگین اور قابل مذمت واقعہ ہے ۔ اے بی وی پی کے نام پر طلبہ کے ساتھ داداگیری اور غنڈہ گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر بی جے پی حکومت طلبہ کے سوالات کا جواب نہیں دے سکتی تو کیا ان کی آواز دبانے تشدد کا راستہ اختیار کیا جائے گا؟ سریش راج ہنس نے کہا کہ لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کے ‘چھاترون کی گونج’ پروگرام میں رکاوٹ ڈالنے بی جے پی سے یہ غنڈہ گردی کی گئی۔ پولیس سیاسی دباؤ میں کام کرنے کی بجائے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کرے ۔