پُرانی عمارتوں کو جبراً خستہ حال قرار نہیں دیا جاسکتا : اسلم شیخ

   

ناگپور : ممبئی شہر و مضافات میں واقع پُرانی عمارتوں کو ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے خستہ حال قرار دے کر انہیں مسمار کرنے کا معاملہ ناگپور اسمبلی میں آج اس وقت گونجا جب ممبئی رکن اسمبلی اسلم شیخ نے پوائنٹ آف انفارمیشن کے دوران ایوان کی توجہ اس جانب مبذول کرائی۔ منگل کو رکن اسمبلی اسلم شیخ نے ایوان میں کہا کہ پُرانی لیکن اچھی حالت میں موجود عمارتوں کو C-1 کیٹیگری کی خطرناک عمارت قرار دے کر اُنہیں گرانے کا کام ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ کیا جارہا ہے اور یہاں قابل غور بات یہ ہے کہ ان عمارتوں کو لیکر میونسپل کارپوریشن میں کسی قسم کی کوئی شکایت درج نہیں کی گئی ہے محض عمارت کے قدیم ہونے کے سبب اسے خستہ حال قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ دُنیا اور ملک بھر میں سینکڑوں سال پُرانی عمارتیں آج بھی اچھی حالت میں موجود ہیں جس کی ایک بہترین مثال ممبئی شہر کی چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس کی عمارت ہے ۔ اسلم شیخ نے سوال کیا کہ کسی بھی شکایت کے بغیر ایک اچھی عمارت کو C-1 کیٹیگری قرار دے کر آخر کیوں گرایا جارہا ہے ؟ انہوں مطالبہ کیا کہ ممبئی شہر و مضافات میں موجود پُرانی مگر اچھی حالت میں موجود عمارتوں کو بغیر کسی شکایت کے C-1 کیٹیگری کی عمارت قرار دینے والے میونسپل افسران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔