فوڈ ڈیلیوری ایپس پر 5 فیصد جی ایس ٹی عائد ، کونسل میٹنگ کے بعد وزیر فینانس نرملا کا بیان
لکھنؤ / نئی دہلی : گڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس (جی ایس ٹی) کی طاقتور کونسل نے آج فیصلہ کیا کہ سوئیگی اور زوماٹو جیسے فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارمس پر ٹیکس عائد کیا جائے ۔ جبکہ بعض کووڈ ۔ 19 ڈرگس پر رعایتی ٹیکس شرحوں کی مدت کو 3 ماہ بڑھاکر /31 ڈسمبر تک لاگو کیا گیا ہے ۔ کونسل نے جو مرکزی وزیر فینانس اور ان کے ریاستی ہم منصب وزراء پر مشتمل ہے ، اس نے پٹرول اور ڈیزل کو ج ایس ٹی کے دائرہ سے باہر ہی رکھنے کا فیصلہ کیا ۔ کیونکہ موجودہ اکسائز ڈیوٹی اور ویاٹ کو یکساں قومی شرح میں تبدیل کرنے سے مالیات پر اثر پڑے گا ۔ لکھنؤ میں کونسل کی میٹنگ کے بعد فیصلوں سے میڈیا کو واقف کرواتے ہوئے مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن نے کہا کہ بعض ڈرگس کو جی ایس ٹی سے استثنیٰ دیا گیا ہے چونکہ ان کیلئے پہلے ہی کروڑہا روپئے کی لاگت آتی ہے ۔ تاہم بعض دیگر کووڈ ڈرگس کیلئے رعایتی جی ایس ٹی شرحوں کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کے ساتھ اسے /31 ڈسمبر تک بڑھایا گیا ہے ۔ لیکن یہ فائدہ میڈیکل ساز و سامان کیلئے قابل اطلاق نہیں ہوگا ۔ سامان پر رعایتی شرح کی مدت /30 ستمبر کو ختم ہوجائے گی ۔ نرملا نے کہا کہ سوئیگی اور زوماٹو جیسے ایپس پر 5 فیصد جی ایس ٹی عائد کیا جائے گا ۔ کیرالا ہائیکورٹ نے کہا تھا کہ پٹرول اور ڈیزل کو ٹیکس ڈھانچے میں شامل کیا جائے ۔ اس بارے میں نرملا نے کہا کہ کونسل کے ارکان نے اس پر اتفاق نہیں کیا ۔ ان کی رائے ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کو جی ایس ٹی میں شامل نہ کیا جائے ۔ چنانچہ کونسل کے فیصلے سے عدالت کو واقف کرایا جائے گا ۔