پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف مہیلا کانگریس کا احتجاج

   

مرکز کا علامتی پتلہ نذرِ آتش، ضلعی سطح پر احتجاج کو وسعت دینے کا منصوبہ
حیدرآباد۔/17 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف مہیلا کانگریس کی جانب سے حیدرآباد میں احتجاج منظم کیا گیا۔ حیدرآباد میں پٹرول کی قیمت 110 روپئے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے اور ڈیزل کی قیمت 100 روپئے سے تجاوز کرچکی ہے۔ مرکز کی جانب سے پکوان گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے نتیجہ میں متوسط طبقات پر بوجھ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ صدر تلنگانہ مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کی قیادت میں لکڑی کے پُل پر احتجاج منظم کیا گیا اور مرکزی حکومت کا علامتی پتلہ نذر آتش کیا گیا۔ کانگریس قائدین محمد فیروز خاں، محمد راشد خاں کے علاوہ گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی مہیلا کانگریس قائدین نے دھرنا میں حصہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے کہاکہ 100 دن میں مہنگائی پر قابو پانے کا وعدہ کرنے والے وزیر اعظم نریندر مودی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت کو 100 روپئے سے زائد کردیا ہے۔ ملک میں بڑھتی مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف کانگریس کی قیادت میں 18 اپوزیشن جماعتوں نے ملک گیر سطح پر ایجی ٹیشن کی تیاری کی ہے۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے ضلعی سطح پر احتجاج کا منصوبہ ہے۔ مہیلا کانگریس کی تمام ضلع یونٹس کو احتجاج میں حصہ لینے کی ہدایت دی گئی۔ر