پٹنہ میٹرو ریل کے تعمیری کاموں کا آغاز

   

نئی دہلی، 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے چہارشنبہ کو واضح کیا کہ بہار کی راجدھانی پٹنہ میں میٹرو نیٹ ورک کی تعمیر سے وابستہ شروعاتی کام شروع ہوچکا ہے او ر پٹنہ میٹرو ریل کارپوریشن (پی ایم آر سی) کے چیرمین اور ڈائرکٹروں کی نامزدگی ایک مہینہ میں ہوجائے گی۔شہری ترقیات اور رہائش کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے لوک سبھا میں جمعرات کو ایک ضمنی سوال کے جواب میں بتایا کہ پی ایم آر سی کے چیرمین اور چار ڈائرکٹروں کی نامزدگی کا عمل جاری ہے اور یہ کام ایک مہینہ میں پورا ہوجائے گا۔ اب تک مرکزی حکومت کی طرف ایکویٹی کے طورپر کارپوریشن کو پچاس کروڑ کی رقم جاری کی جاچکی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ صدر اور ڈائرکٹروں کی تقرری ہونے سے میٹر و کا کام متاثر نہیں ہورہا ہے ۔ مٹی کی جانچ اور علاقہ کے سروے کا کام شروع ہوچکا ہے ۔ یہ کام پروجیکٹ کا نفاذ کرنے والے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے ذریعہ کئے جارہے ہیں۔مسٹر پوری نے بتایا کہ پٹنہ میں 31.39کلومیٹر لمبے میٹرونیٹ ورک کی تعمیر پر 13کروڑ روپے کی لاگت آئے گی جس میں ایک بڑی رقم جاپان کی جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی (جے آئی سی اے ) سے قرض کے طورپر ملنے والی ہے ۔ جے آئی سی اے سے قرض لینے کا دستاویزی عمل بھی شروع کردیا گیا ہے ۔