پہلگام حملہ: ہند۔پاک کشیدگی پر ثالثی کی پیشکش:ایران

   

تہران :ایران نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔یہ پیشکش ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کی ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستانکے درمیان تناؤ میں کمی کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کو وہ تیار ہیں۔انھوں نے دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشیدگی کے اس دور میں ایران افہام و تفہیم کیلئے کوششیں کرسکتا ہے۔پاکستان اور ہندوستان کی جانب سے ایرانی وزیر خارجہ کی اس پیشکش پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔خیال رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پہلگام حملے کے بعد اپنے ہندوستانی اور پاکستانی ہم مںصبوں سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا۔ایرانی وزیر خارجہ نے دونوں رہنماؤں پر کشیدگی میں کمی اور صبر و تحمل سے کام لینے کی ضرورت پر بھی زور دیا تھا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ سفارتی عملے میں کمی اور کشیدگی جنوبی ایشیا میں امن کی کوششوں کیلئے ایک منفی اشارہ ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید سرد مہری کا شکار ہو سکتے ہیں۔