پہلی بار سینہ کھولے بغیر دل کی بائی پاس سرجری

   

دہرادون، 9 مئی (یو این آئی) طب کے میدان میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) رشیکیش کے ڈاکٹروں کا یہ کارنامہ کسی مثال سے کم نہیں ہے ، دل کی وہ بیماری جس کا علاج آج تک صرف سینے میں چیرا لگانے اور بائی پاس سرجری سے ہوتا تھا، اسے اب سی ٹی وی ایس ڈیپارٹمنٹ کے سرجن ڈاکٹروں نے بغیر کسی چیر پھاڑ اور ہڈی کاٹے کردکھایا ہے ۔ٹیکنالوجی اور تجربے کی بنیاد پر قائم کی گئی یہ مثال ایک ایسے 69 سالہ شخص کے علاج سے متعلق ہے جو اپنی زندگی کے آخری مرحلے میں ہے ۔ انسٹی ٹیوٹ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر مینو سنگھ نے سرجری کرنے والے ڈاکٹروں کی تعریف کی۔جب مریض رام گوپال کو آپریشن تھیٹر سے باہر لانے کے چند گھنٹے بعد وارڈ میں ہوش آیا تو اسے یقین نہیں آیا کہ اس کے دل کی بائی پاس سرجری ایسی طبی تکنیک کے ذریعے کی گئی ہے جس میں اس کے سینے کی ہڈیاں کاٹنے کی ضرورت نہیں پڑی۔