پہلی بار یکم محرم الحرام کو غلاف کعبہ کی تبدیلی

,

   

ریاض۔ (کے این واصف) ۔ ماضی کی روایت سے ہٹ کر غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تقریب ہفتہ کو نئے اسلامی سال (1444ھ) کے پہلے دن منعقد ہوئی۔ اس سے قبل کئی دہائیوں سے غلاف کعبہ (کِسوۃ) ہر سال حج کے دوران 9 ذوالحج کی صبح کو حجاج کے میدان عرفات روانہ ہونے کے بعد تبدیل کیا جاتا تھا۔ گزشتہ ماہ حرمین شرفین کی انتظامیہ نے روایت کی تبدیلی کے حوالے سے اعلان کیا تھا کہ غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی سالانہ تقریب یکم محرم کو منعقد ہوگی۔ سعودی پریس ایجنسی (SPA)کے مطابق کِسوۃ کی تبدیلی شیخ السدیس کی سربراہی میں شاہ عبدالعزیز کمپلیکس کے 200 افراد پر مشتمل تکنیکی عملے نے کی۔ دنیا کی سب سے بڑی 16 میٹر لمبی کمپیوٹرائزڈ سلائی مشین سے تمام عمل مکمل کیا جاتا ہے۔ غلاف کعبہ کو قرآنی آیات سے سجایا جاتا ہے جنہیں سونے اور چاندی کے دھاگوں سے بْنا جاتا ہے۔ اس عمل میں 120 کلوگرام سونا اور 100 کلوگرام چاندی استعمال ہوتی ہے۔