پہلے خوب پیار برستا تھا، اب عزت نہیں ملتی ہوگی: غلام نبی آزاد کے استعفیٰ پر فاروق عبداللہ کا بیان

   

غلام نبی آزاد کے کانگریس سے استعفیٰ دینے کے بارے میں جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے کہا کہ پہلے ان پر پیار برستا تھا، لیکن اب عزت بھی نہیں مل رہی ہوگی۔ غلام نبی آزاد کے کانگریس سے باہر نکلنے کے بارے میں اپنی رائے رکھتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ جب کانگریس کے 32 سینئر لیڈران نے اعلیٰ کمان کو خط لکھا تو کانگریس حیران رہ گئی۔نیوز ایجنسی اے این آئی کی ایک خبر کے مطابق، فاروق عبداللہ نے کہا کہ لیکن کانگریس کی تاریخ میں ایسا پہلے بھی ہوا ہے، اس سے کانگریس مزید مضبوط ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مضبوط اپوزیشن کی ضرورت ہے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ غلام نبی آزاد اندرا گاندھی کے وقت سے کابینہ وزیر تھے۔ اس وقت بھی وہ سونیا گاندھی کے بہت قریبی تھے۔ مجھے بہت افسوس ہے کہ ایسا کیا ہوگیا کہ غلام نبی آزاد کو اتنا بڑا فیصلہ لینا پڑا۔