پیدائش کے 30 گھنٹے بعد نومولود بچے میں کورونا وائرس کی تصدیق

   

بیجنگ،5فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چین کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس متاثرہ حاملہ خاتون سے بچے کو پیدائش سے قبل بھی منتقل ہوسکتا ہے اور 2 فبروری کو پیدا ہونے والے بچے میں 30 گھنٹے بعد وائرس مثبت آیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹر کے مطابق چین کے سرکاری نشریاتی ادارے (سی سی ٹی وی) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ووہان چلڈرن اسپتال کے ڈاکٹروں نے کہا کہ متاثرہ ماں سے یہ وائرس بچے کو پیدائش سے قبل منتقل ہو سکتا ہے ۔ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کے ہاں 2 فبروری کو بچے کی پیدائش ہوئی اور نومولود کا 30 گھنٹے بعد ہی کورونا وائرس کا ٹسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا۔خیال رہے کورونا وائرس سے ووہان سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا اور اس کو مرکز بھی قرار دیا گیا تھا لیکن کورونا وائرس بعد ازاں چین سے باہر بھی پھیل گیا اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 563 ہوگئی ہے ۔