پینے کے پانی کے مسئلہ سے نمٹنے محکمہ آبرسانی مکمل تیار

   

مسٹر دانا کشور مینیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر ورکس بورڈ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔12مارچ(سیاست نیوز) شہر میں پینے کے پانی کی سربراہی کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے محکمہ آبرسانی پوری طرح سے تیار ہے اور جاریہ موسم گرما کے دوران پانی کی قلت سے نمٹنے کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔ مسٹر دانا کشور منیجنگ ڈائریکٹر حیدرآباد میٹروپولیٹین واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ شہر کے بعض علاقوں سے موصول ہونے والی پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے اقدامات شروع کئے جا چکے ہیں اور شہر کے جن علاقو ں میں پانی کی سربراہی میں مشکلات کاسامنا ہے ان علاقوں میں ٹینکر س کے ذریعہ پینے کے پانی کی سربراہی کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور شہر حیدرآباد میں موجود 71ٹینکرس کے پوائنٹس جہاں ٹینکروں میں پانی بھرنے کا عمل جاری رہتا ہے ان مقامات پر درکار عملہ کی تعیناتی کی ہدایت دیدی گئی ہے۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں صرف کاروان کے بعض علاقوں سے پانی کی سربراہی میں مشکلات کی شکایات موصول ہورہی ہیں اسی لئے ان کے حل کے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں موسم گرما کے دوران ہونے والی پینے کے پانی کی 5ملین گیالن کی قلت کو دور کرنے کے لئے حمایت ساگر و عثمان ساگر میں جمع پانی کو استعمال کرنے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اس کے علاوہ سنگور اورمنجیرا کی سربراہی میں ہونے والی مشکلات سے نمٹنے کے لئے کرشنا کے پانی کے استعمال کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

مسٹر دانا کشور نے کہا کہ پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں گوداوری و کرشنا کا پانی سربراہ کیا جار ہاہے اسی لئے پرانے شہر کے کسی بھی علاقہ میں کوئی قلت کی شکایت نہیں ہے اور جن علاقوں میں تین یوم میں ایک مرتبہ پانی کی سربراہی کی شکایت تھی ان مقامات پر دو یوم میں ایک مرتبہ پانی سربراہ کرنے کی ہدایت دی جا چکی ہے اور عہدیدارو ںکو اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ جن علاقو ں سے پانی کی سربراہی میں شکایت موصول ہورہی ہیں ان علاقوں میں ٹینکرس کی طلب کو دیکھتے ہوئے ٹینکرس روانہ کرنے میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے بلکہ ٹینکرس کے ذریعہ پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ عطا پور‘ راجندر نگر کے علاوہ مہدی پٹنم ‘ ٹولی چوکی اور ناچارم کے بعض علاقوںسے پانی کی قلت کی جو شکایات موصول ہورہی ہیں انہیں دور کرنے کے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ مسٹر دانا کشور نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پانی کا بے دریغ استعمال نہ کریں بلکہ پانی کے استعمال میں احتیاط سے کام لیتے ہوئے پانی کو بچائیں ۔