پیپر لیک معاملے میں ایس او جی نے ملک پور گاؤں میں چھاپہ مارا

   

بھرت پور: راجستھان میں جے ای این پیپر لیک معاملے میں اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کی ٹیم نے جمعرات کو بھرت پور کی اچین تحصیل کے ملک پور گاؤں میں چھاپے کے دوران کچھ کاغذات ضبط کیے ۔مرکزی ملزم ہرش وردھن کے سسرال میں ایس او جی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیوکمار بھردواج کی قیادت میں کی گئی اس کارروائی کے بعد ایس او جی کی ٹیم جے پور کے لیے روانہ ہوگئی۔ مسٹر بھردواج نے کہا کہ ایس او جی کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل بی کے سنگھ کی ہدایت پر دھوکہ دہی کے معاملے میں پکڑے گئے ملزمین کی رہائش گاہوں اور ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے لیے پہلے عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کیا گیا ۔ اس کے بعد ملزم کے بہنوئی منوج کمار مینا کو بلا کر گھر کی تلاشی لی گئی۔ کچھ قابل اعتراض دستاویزات ضبط کی گئی ہیں۔ ان کی تفتیش کی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ ایس او جی ٹیمجب ہرش وردھن کے سسرال ملک پور پہنچی تو وہاں کوئی نہیں ملا۔پوچھ گچھ کرنے پر پتہ چلا کہ ہرش وردھن کے سسرال والے بھرت پور شہر کی جسونت نگر کالونی میں رہتے ہیں۔