پی آئی اے کی 118 پروازوں کے لیے اجازت کی درخواست

   

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے سعودی حکام سے اکتوبر کیلئے اضافی پروازیں چلانے کی اجازت طلب کر لی ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’پاکستان میں موجود سعودی اقامہ ہولڈرز کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے سعودی حکام سے اکتوبر میں 118 پروازیں چلانے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔‘ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اگر پی آئی اے کو سعودی حکام کی جانب سے اجازت دیدی جاتی ہے تو رواں ماہ 40 ہزار مسافروں کو ٹکٹس دستیاب ہوں گی۔ خیال رہیکہ سعودی حکومت کی جانب سے جزوی طور پر سفری پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی سعودی عرب کیلئے پروازوں کا پہلا مرحلہ چہارشنبہ کو مکمل ہوچکا ہے جس میں جدہ، ریاض، مدینہ اور دمام کیلئے 93 پروازیں چلائی گئیں اور 28 ہزار سے زائد مسافروں کو ٹکٹس فروخت کیے گئے۔
پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 15 ستمبر سے 30 ستمبر تک مسافروں کے رش کو دیکھتے ہوئے اضافی پروازوں کی اجازت طلب کی گئی ہے کیونکہ ستمبر میں چلائی گئی پروازیں بمشکل 50 فیصد مسافروں کی ضرورت کو ہی پورا کر سکی ہیں۔ ’اگر پروازوں پر معمول کا رش ہوگا تو کرائے میں بھی کمی آئے گی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔‘ خیال رہے کہ زیادہ تر مسافروں کی 30 ستمبر کو اقامہ کی معیاد ختم ہونے کی وجہ سے رش بڑھ چکا تھا اور مسافروں کی جانب سے ٹکٹس بلیک مارکیٹ میں فروخت ہونے کی بھی شکایات سامنے آئیں تھیں۔ پاکستان میں دفتر خارجہ نے سعودی حکومت سے پاکستانی اقامہ ہولڈرز کے اقامے کی معیاد میں توسیع کی بھی درخواست کی تھی تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ سعودی حکام سے وزیراعظم عمران خان اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے بھی پروازوں میں اضافے کی درخواست کی تھی۔