پی ایس ایل 5 کا فیصلہ میدان پر ہی ہوگا:پی سی بی

   

کراچی۔3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پی ایس ایل 5 کے چمپئن کا فیصلہ میدان میں ہی ہوگا، پی سی بی نے فرنچائزز پر واضح کر دیا، اس حوالے سے نومبر، دسمبر میں زمبابوے سے سیریز کے موقع پر ونڈو تلاش کی جائے گی۔ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ملتان سلطانز کو فاتح قرار دینے کا مطالبہ قبول نہیں کیا گیا، پی سی بی نے مالی نقصان سے بچنے کیلیے ایونٹ مکمل کرنے کا ارادہ ظاہرکردیا۔ ٹیم مالکان اور دیگر نمائندوں سے ملاقات میں بتایا گیا کہ اگر تین دن ملے تو اصل فارمیٹ کے تحت پلے آف ہوں گے،2 دن ملنے کی صورت میں سیمی فائنلز اور فائنل والا فارمیٹ اپنایا جائے گا،انعامی رقم کوکورونا وائرس سے جنگ کیلیے عطیہ کرنے کی تجویز سے اتفاق نہیں کیا گیا، بعض شرکا نے اس حوالے سے کہا کہ اپنے پیسوں کو چیریٹی میں دینا یا خود رکھنا کھلاڑیوں کا استحقاق ہے۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے سبب پی ایس ایل5کو ملتوی کر دیاگیا تھا، اب اس حوالے سے کسی فیصلے کیلیے تبادلہ خیال جاری ہے۔فرنچائز مالکان اور پی سی بی عہدیداروں کی ٹیلی کانفرنس منعقد ہوئی، اس میں سوائے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزاور پشاور زلمی تمام ٹیموں کے مالکان یا نمائندوں نے شرکت کی۔ کرکٹ بورڈ کی جانب سے سی او او سلمان نصیر سمیت ڈائریکٹر کمرشل بابر حمید، پروجیکٹ ایگزیکٹیو شعیب نوید اور ہیڈ آف ایکویزیشن اینڈ مینجمنٹ عمران احمد خان موجود رہے۔ پی سی بی نے فرنچائزز کو اپنے موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر باقی میچز کا انعقاد نہ ہوا تو براڈ کاسٹنگ اورگیٹ منی سمیت مالی نقصان برداشت کرنا پڑے گا، ہم مناسب ونڈوتلاش کر رہے ہیں جس میں مقابلوں کا انعقاد کیا جا سکے۔ نومبر اور دسمبر میں زمبابوے سے سیریز کے ساتھ ہی پی ایس ایل 5کو مکمل کروانا ممکن ہے۔یادرہے کہ پہلی مرتبہ پاکستان میں پی ایس ایل کھیلا جارہا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے یہ ٹورنمنٹ ناک آوٹ مرحلے میں ملتوی کردیا گیا ہے ۔