نئی دہلی : وزیراعظم نریندرمودی پیرکے روز ملک کے باشندوں کو ان کی صحت کے لیے ایک بڑا تحفہ دینے جا رہے ہیں ۔ مرکزی حکومت پردھان منتری ڈیجیٹل ہیلتھ مشن ( پی ایم ڈی ایچ ایم) نئی اسکیم شروع کر رہی ہے ۔مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویہ نے ٹویٹ کرکے اس کی اطلاع دی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت ہر ہندوستانی کو ایک یونیک ہیلتھ آئی ڈی ملے گی ، جس سے فرد کے جسم اور صحت سے متعلق ہرمعلومات ڈیجیٹل طور پر دستیاب ہوگی۔ ابھی یہ اسکیم پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر چندی گڑھ ، انڈومان نکوبار ، دادرنگر حویلی ، لکشدیپ اور لداخ میں چل رہی ہے ۔ اس سے پہلے یہ اسکیم نیشنل ڈیجیٹل ہیلتھ مشن کے نام سے چل رہی تھی۔ اسے وزیر اعظم مودی نے 15 اگست 2020 کو شروع کیا تھا ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ہیلتھ آئی ڈی کارڈ میں 14 ہندسوں کی یونیک آئی ڈی ملے گی ۔ اس آئی ڈی میں اس شخص کا پورا ہیلتھ ریکارڈ ہوگا اور یہ ریکارڈ سنٹرل سرور سے منسلک ہوگا۔