پی شراونتی منوگوڑ سے کانگریس امیدوار سونیا گاندھی نے نام کی منظوری دی

   


حیدرآباد ۔9 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے نلگنڈہ کے منوگوڑ ضمنی چناؤ کے لئے پارٹی امیدوار کے نام کا اعلان کردیا ہے ۔ سابق وزیر پی گوردھن ریڈی کی دختر پی شراونتی کو پارٹی نے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں سونیا گاندھی کی منظوری کے ساتھ احکامات جاری کئے گئے ۔ تنظیمی امور کے سکریٹری مکل واسنک نے اطلاع دی ہے کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے منوگوڑ کے لئے پی شراونتی کے نام کو منظوری دے دی ہے ۔ پارٹی ٹکٹ کے لئے یوں تو کئی دعویدار موجود تھے لیکن مقامی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے جن ناموں کی سفارش کی گئی ، ان میں شراونتی کے نام کو منظوری دی گئی۔ سابق وزیر آنجہانی پی گوردھن ریڈی کا ضلع میں کافی اثر تھا اور ان کے جانشین کے طور پر دختر شراونتی نے پارٹی میں اپنی شناخت بنائی ہے ۔ ٹکٹ کے دیگر دعویداروں میں کرشنا ریڈی ، کیلاش اور روی کمار شامل تھے ۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے مقابلہ کے خواہشمند قائدین سے مشاورت کی اور مقامی صورتحال کی بنیاد پر ناموں کی سفارش کی ۔ منوگوڑ کانگریس کے گڑھ کے طور پر شہرت رکھتا ہے اور کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے کانگریس سے استعفیٰ دے کر بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ کانگریس پا رٹی کو یقین ہے کہ خاتون امیدوار عوام کی تائید حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گی۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ہائی کمان کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ مقامی قائدین متحدہ طور پر مقابلہ کریں گے ۔ انہوں نے پارٹی کی کامیابی کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ منو گوڑ میں دوبارہ کانگریس کا پرچم لہرائے گا۔ 2014 ء میں پی شراونتی نے منوگوڑ اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا تھا لیکن شکست ہوئی۔ 2018 ء میں کانگریس نے راج گوپال ریڈی کو ٹکٹ دیا ۔ ر