چارہ اسکام میں لالو پرساد قصور وار ، 24ملزمین بری

,

   

۔ 21 فروری کو سزا کیلئے سماعت ہوگی
رانچی: غیر منقسم بہار کے اربوں روپے کے بدنام زمانہ چارہ اسکینڈل میں ڈورنڈا ٹریژری سے 139.35 کروڑ روپے کے غیر قانونی حصول سے جڑے آر سی اے 47A/96 معاملے میں منگل کو سی بی آئی کے خصوصی جج ایس کے ششی کی عدالت نے منگل کو راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) سربراہ لالو پرساد سمیت 75ملزمین کو قصور وار قراردیا، جبکہ 24ملزمین کو ثبوت کے فقدان پر بری کر دیاہے ۔سی بی آئی کے وکیل بی ایم پی سنگھ نے اسپیشل کورٹ کے فیصلے کے بارے میں یہ جانکاری دیتے ہوئے کہاکہ رانچی سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے جج ایس کے ششی کی عدالت اب 21 فروری کو لالو پرساد کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 120B, 409, 420, 467, 468, 471, 477A اور اینٹی کرپشن قانون کی دفعات 13(2) آر ڈبلیو 13(1) سی ۔ ڈی کے تحت سز ا کے نکات پر سماعت ہوگی ۔ قصور قرار دیئے گئے 75 میں سے 34 ملزمین کو تین یا اس سے کم سال کی سزا ہوئی ہے جس کے بعد انہیں ضمانت کیلئے بانڈ داخل کرنے کو کہا گیاہے ۔پرساد کو قصور وار قرار دیئے جانے کے بعد انہیں عدالتی حراست میں لے لیا گیا ۔ بعد میں پرساد کو برسا منڈا مرکزی جیل ہوٹوار میں بھیج دیاگیا ۔سی بی آئی کے وکیل نے بتایاکہ اس معاملے میں کل 170 افراد کے خلاف چار ج شیٹ داخل کیا گیا تھا ، جس میں سماعت کے دوران 55 ملزمین کا انتقال ہوگیا، 8 ملزمین سرکاری گواہ بن گئے ، دو نے سماعت سے پہلے ہی سزا کو قبول کرلیا ، 8ملزمین آج تک لاپتہ ہیں۔