چار ریاستوں کو حج کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے سپریم کورٹ کی ہدایت

   


حیدرآباد ۔23 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے 4 ریاستوںکو ریاستی حج کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے 6 ہفتوں کا وقت دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے مہاراشٹرا ، مدھیہ پردیش ، دہلی اور پڈوچیری ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ حج کمیٹیوں کی تشکیل کی سپریم کورٹ کو اطلاع دی جائے۔ جسٹس عبدالنذیر اور جسٹس وی راما سبرامنین پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے جموں و کشمیر اور راجستھان کی حکومتوں کو اندرون 4 ہفتے حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے دونوں ریاستوں کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا کیونکہ انہوں نے جواب داخل نہیں کیا۔ سپریم کورٹ سنٹرل حج کمیٹی کی تشکیل سے متعلق درخواست کی سماعت کر رہا ہے۔ ایڈیشنل سالیسٹر جنرل کے ایم نٹراج نے سنٹرل حج کمیٹی کی عدم تشکیل کی وجوہات بیان کی ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ریاستوں میں حج کمیٹیاں تشکیل نہیں پائیں گی ، اس وقت تک سنٹرل حج کمیٹی کی تشکیل ممکن نہیں ہے۔ عدالت نے سوال کیا کہ کیا اندرون 4 ہفتے حج کمیٹیوں کی تشکیل ممکن ہے ؟ جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ کئی ریاستوں میں کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں۔ر