مرکزی رویت ہلال کمیٹی
صدر مجلس علماء دکن کا اعلان
حیدرآباد : یکم / مئی (راست) مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ شوال المکرم 1443 ھ زیرنگرانی حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ الشطاری معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام خانقاہ کامل مرکزی آستانہ شطاریہ دبیر پورہ میں منعقد ہوا ۔ شہر میں مطلع صاف تھا چاند نظر نہیں آیا ۔ اس کے علاوہ ملک کے اکثر مقامات سے عدم رویت کی اطلاعات ملیں ۔ لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ /2 مئی 2022 ء بروز پیر /30 رمضان المبارک 1443 ھ ہوگی ۔ اس اجلاس میں حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری ، حضرت مولانا مفتی خلیل احمد ، حضرت مولانا سید حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ قادری ، حضرت مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ ، حضرت مولانا سید آل مصطفی قادری الموسوی الجیلانی علی پاشاہ ، حضرت مولانا ڈاکٹر سید علی حسینی قادری علی پاشاہ ، مولانا مشہود احمد ( جامعہ نظامیہ) اور جناب قاضی سید نور اللہ فاروق عارفی نے شرکت کی ۔
شیعہ علماء کا بیان
٭سید علی اصغر جعفری کی اطلاع کے مطابق کل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین نے اعلان کیا کہ شہر میں چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی کہیں سے رویت ثابت ہوپائی ہے ۔ لہذا /2 مئی 2022 ء کو /30 رمضان المبارک 1443 ھ ہوگی اور /3 مئی 2022 ء کو یکم شوال و عیدالفطر ہوگی ۔ اسکی تصدیق حسب ذیل علماء کرام نے کی ۔ مولانا سید نبی حسن زیدی ، مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا ، مولانا رضا عباس خاں ، مولانا سید جواد عابدی ، مولانا سید محب عابد اور مولانا محمد علی۔