چرنجیت سنگھ متفقہ طور پر پنجاب کے چیف منسٹر منتخب

,

   

آج حلف برداری، ریاست کے پہلے دلت چیف منسٹر ہوں گے

چندی گڑھ : چرنجیت سنگھ چنی کو آج بہ اتفاق آراء پنجاب کا نیا چیف منسٹر منتخب کرلیا گیا ہے۔ کانگریس کے سینئر قائد و پنجاب امور کے انچارج ہریش راوت نے اپنے ٹوئیٹ میں یہ اعلان کیا۔ پنجاب کے کانگریس ارکان اسمبلی نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو یہ اختیار دیا تھا کہ وہ مقننہ پارٹی کا قائد منتخب کرے جو کیپٹن امریندر سنگھ کی جگہ پنجاب کا چیف منسٹر ہوگا جنہوں نے کل اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ 58 سالہ چرنجیت سنگھ چنی پنجاب کے پہلے دلت چیف منسٹر ہوں گے۔ اس وقت وہ ریاست کے تکنیکی تعلیم کے وزیر ہیں۔ وہ اسمبلی حلقہ چمکور صاحب سے تین مرتبہ منتخب ہوچکے ہیں۔ چرنجیت سنگھ پیر کو دن میں 11 بجے اپنے عہدہ کا حلف لیں گے۔ وہ 2015ء سے 2016ء تک پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن قائد رہے۔ 2018ء میں ایک خاتون آئی اے ایس آفیسر کو نامناسب میسج مبینہ طور پر بھیجنے پر ان کے خلاف می ٹو مقدمہ بھی زیرالتواء ہے۔ اگرچہ اس خاتون آفیسر نے شکایت درج نہیں کروائی ہے اور سابق چیف منسٹر امریندر سنگھ نے اس وقت کہا تھا کہ مسئلہ کی یکسوئی ہوچکی ہے لیکن جاریہ سال مئی میں پنجاب ویمنس کمیشن نے ریاستی حکومت کو نوٹس روانہ کرتے ہوئے اس الزام پر جواب طلب کیا تھا۔ انہوں نے ریاست میں دلتوں کے مسائل پر آواز اٹھائی اور چیف منسٹر امریندر سنگھ کے خلاف بھی احتجاج کیا تھا۔ چرنجیت سنگھ چنی کو راہول گاندھی کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔ 2 جاٹ سکھ قائدین سُکھ جیندر سنگھ رنداوا اور پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نوجوت سنگھ سدھو کی جانب سے ہندو قائد سمیت جھاکر کو منتخب کرنے کی ہائی کمان کی مخالفت کے بعد ہائی کمان نے چرنجیت سنگھ چنی کا انتخاب کیا۔ دو ڈپٹی چیف منسٹرس کے انتخاب کی بھی اطلاع ہے۔