حیدرآباد ۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) شمس آباد میں مسجد خواجہ محمود کے انہدام کے خلاف کانگریس کے اقلیتی قائدین نے چلو پرگتی بھون کا نعرہ دیا تھا۔ مسجد کی دوبارہ تعمیر کیلئے اقلیتی قائدین اور کارکن پرگتی بھون پہنچ کر احتجاج کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ اسی دوران پولیس نے اقلیتی قائدین کو حراست میں لے کر مختلف پولیس اسٹیشنوں کو منتقل کردیا۔ کئی قائدین کو گھروں پر محروس رکھا گیا۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل کو پولیس نے آج صبح حراست میں لے کر حبیب نگر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ دیگر قائدین کو بھی حراست میں لیا گیا یا پھر مکانات سے نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ مینارٹیز ڈپارٹمنٹ گریٹر حیدرآباد کے صدر ارشد شیخ کو بھی پولیس نے احتیاطی طور پر حراست میں لے لیا ۔ کانگریس قائدین نے پولیس کے رویہ کی مذمت کی اور کہا کہ جمہوریت میں عوام کو اپنے مسائل کے حل کیلئے احتجاج کا حق حاصل ہے۔ ر