چندرابابو نائیڈو کا کل حلف برداری، نریندر مودی اور مرکزی وزراء کی شرکت متوقع

   

کابینہ میں شمولیت پر بی جے پی اور جنا سینا سے مشاورت، اقلیتی نمائندے کے طور پر این محمد فاروق کی امکانی شمولیت
حیدرآباد 10 جون (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم این چندرابابو نائیڈو کی چیف منسٹر آندھراپردیش کی حیثیت سے حلف برداری کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ چندرابابو نائیڈو 12 جون کو 11.27 بجے دن امراوتی میں عوامی تقریب میں چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف لیں گے۔ گورنر آندھراپردیش جسٹس عبدالنذیر، چیف منسٹر اور وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلائیں گے۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعظم نریندر مودی اور مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس کی شرکت متوقع ہے۔ وزیراعظم اور مرکزی وزراء کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد چندرابابو نائیڈو امراوتی واپس ہوگئے اور وہ نئی کابینہ کی تشکیل میں مصروف ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی اور جنا سینا کے قائدین سے چندرابابو نائیڈو نے کابینہ کی تشکیل پر بات چیت کی ہے۔ پون کلیان کو آندھراپردیش میں ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کرنے کی اطلاعات گشت کررہی ہیں تاہم جنا سنا پارٹی نے اِس سلسلہ میں کوئی تردید یا توثیق نہیں کی ہے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ کتنے وزراء کو حلف دلایا جائے گا اِس بارے میں صورتحال کل تک واضح ہوجائے گی۔ تلگودیشم ذرائع کے مطابق چندرابابو نائیڈو نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ تقریب حلف برداری کے انعقاد میں عوام کی تکالیف کو پیش نظر رکھتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ امراوتی میں مختلف اضلاع سے عوام تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے پہونچیں گے لہذا پارکنگ اور دیگر سہولتوں پر توجہ دی جائے۔ چندرابابو نائیڈو نے پارٹی کے سینئر قائدین سے ملاقات کی اور امکانی وزراء کے ناموں پر مشاورت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اقلیتوں کی نمائندگی کے طور پر این محمد فاروق کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ چندرابابو نائیڈو اپنے دیرینہ رفیق سابق ایم ایل سی احمد شریف کو حکومت میں اہم ذمہ داری دینے پر غور کررہے ہیں۔ آندھراپردیش میں تلگودیشم کی اقتدار میں واپسی میں اقلیتی رائے دہندوں کا اہم رول رہا لہذا پارٹی سے وابستہ اقلیتی قائدین کو اہم عہدوں پر فائز کیا جاسکتا ہے۔ 1