چندرا بابو نائیڈو کی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات

   

پراجکٹس کے لئے مالی تعاون کی اپیل، امیت شاہ ، نتن گڈکری اور دیگر مرکزی وزراء سے نمائندگی
حیدرآباد۔9 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور آندھراپردیش کے مختلف انفراسٹرکچر اور ترقیاتی پراجکٹس کی تکمیل میں مرکز سے مالی تعاون کی اپیل کی ۔ نائیڈو نے گوداوری پشکرم 2027 کے انعقاد میں مرکز سے تعاون کی خواہش کی ۔ انہوں نے وزیراعظم کو ریاست کے مختلف پراجکٹس کی رپورٹ پیش کی جن کی عاجلانہ منظوری درکار ہے۔ ان پراجکٹس میں امراوتی آؤٹر رنگ روڈ اور وشاکھاپٹنم میٹرو پراجکٹ شامل ہیں۔ انہوں نے پولاورم پراجکٹ اور گوداوری اور کاویری دریاؤں کو مربوط کرنے کے علاوہ آبپاشی پراجکٹس اور ریاست کی معاشی صورتحال پر نریندر مودی سے تبادلہ خیال کیا ۔ گوداوری پشکرم میں دونوں تلگو ریاستوں کے علاوہ ملک بھر سے یاتری شرکت کرتے ہیں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جاریہ سال آندھراپردیش میں معمول سے 53 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارش کی کمی اور موسمی تبدیلی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مرکز تعاون کریں۔ چندرا بابو نائیڈو نے عوامی خدمات کے 25 سال کی تکمیل پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی۔ چندرا بابو نائیڈو نے وزیر داخلہ امیت شاہ ، وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری اور وزیر جل شکتی سی آر پاٹل سے بھی ملاقات کرتے ہوئے آندھراپردیش کے مختلف پراجکٹس کی منظوری کی درخواست کی ۔1/k/m/b