حیدرآباد ۔29۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو پر تیار کردہ تلگو فلم ’’ویوہم‘‘ کی ریلیز پر تنازعہ ہائی کورٹ پہنچ گیا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے رام گوپال ورما کی فلم کی ریلیز پر روک لگادی ہے ۔ عدالت نے مرکزی سنسر بورڈ کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکٹ کو 11 جنوری تک معطل رکھتے ہوئے عبوری احکامات جاری کئے ۔ عدالت نے پروڈیوسر اور ڈائرکٹر کو فلم ریلیز نہ کرنے کی ہدایت دی ہے اور مقدمہ کی آئندہ سماعت 11 جنوری کو مقرر کی گئی ۔ تلگو دیشم کے قومی جنرل سکریٹری نارا لوکیش نے ہائی کورٹ میں درخواست دائرکر تے ہوئے شکایت کی کہ تلگو فلم کے ذریعہ پارٹی سربراہ چندرا بابو نائیڈو کے امیج کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے سنسر بورڈ کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکٹ کو چیلنج کیا ۔ جسٹس ایس نندا نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے فلم کی ریلیز پر روک لگادی۔ مقدمہ کی سماعت صبح سے شام تک جاری رہی اور جسٹس نندا نے رات 11.30 بجے عبوری احکامات جاری کرتے ہوئے درخواست گزار کو راحت پہنچائی ہے۔ واضح رہے کہ رام گوپال ورما نے فلم کی ریلیز روکنے سے انکار کردیا تھا ۔ درخواست گزار کی جانب سے سینئر وکیل مرلیدھر راؤ اور پراوین کمار نے دلائل پیش کئے اور کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کے خلاف جان بوجھ کر یہ فلم تیار کی گئی تاکہ انہیں سیاسی طور پر نقصان پہنچایا جائے ۔ وکلاء نے فلم کی تیاری کے پس پردہ آندھراپردیش کی برسر اقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو ذمہ دار قرار دیا۔1