چندرا بابو 18 مئی کو عازمین کو وداع کرینگے

   

حیدرآباد سے 2 قافلوں کی روانگی، صدر نشین اے پی حج کمیٹی حسان باشا
حیدرآباد۔ 11 مئی (سیاست نیوز) صدر نشین آندھرا پردیش حج کمیٹی جناب شیخ حسان باشا نے کہا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش 18 مئی کو وجئے واڑہ میں عازمین حج کے قافلوں کو وداع کریں گے۔ آندھرا پردیش کے عازمین کی روانگی کے موقع پر حیدرآباد میں موجود جناب حسان باشا نے بتایا کہ 19 اور 20 مئی کو آندھرا پردیش کے 850 عازمین حج حیدرآباد سے جدہ کے لئے پرواز کریں گے۔ وجئے واڑہ میں عازمین کے لئے 15 مئی کو تربیتی کیمپ منعقد کیا جائے گا اور 18 مئی کو چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو عازمین کی خصوصی بسوں کو جھنڈی دکھاکر حیدرآباد کے لئے روانہ کریں گے۔ حج کمیٹی نے عازمین کے لئے 6 خصوصی بسوں کا انتظام کیا ہے جن میں گنٹور سے 3 اور وجئے واڑہ سے 3 بسیں شامل ہیں۔ عازمین حج کا قیام حج ہاؤس نامپلی میں رہے گا جبکہ ان کے ساتھ آنے والے رشتہ داروں کی سہولت کے لئے آندھرا پردیش حج کمیٹی نے ریڈہلز میں ایک فنکشن ہال تین دن کے لئے کرائے پر حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے عازمین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی ہے۔ شیخ حسان باشا نے تلنگانہ حج کمیٹی اور خاص طور پر صدر نشین مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے قیام اور طعام کے موثر انتظامات کئے ہیں۔ حج ہاؤس میں تمام ضروری امور کی تکمیل کے بعد عازمین کو بورڈنگ کارڈ کے ساتھ ایئرپورٹ روانہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت نے عازمین کی بہتر خدمت کے لئے حج کمیٹی کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے مسلم سیاسی اور مذہبی قائدین نے تربیتی کیمپس میں شرکت کرتے ہوئے عازمین سے خطاب کیا۔ 1