نئی دہلی،21 نومبر(سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ چندریان۔2 مشن کو ناکام کہنا مناسب نہیں ہوگا۔ وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت جیتیندر سنگھ نے جمعرات کو ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک دومرتبہ کوشش کرنے کے بعد ہی چاند کی سطح پر اترنے میں کامیاب ہوا ہے ۔ امریکہ بھی آٹھویں کوشش میں سافٹ لینڈنگ کر پایا تھا۔ بلا ثبوت کے اس مشن کو ناکام نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ چندریان کا تجربہ، لینڈر کا الگ ہونا، اونچائی بڑھانے اور بریکنگ طریقہ کار وغیرہ کامیاب رہے ۔ اس کے آٹھ سائنسی آلات اپنے ڈیزائن کے مطابق کام کررہے ہیں اور اعداد و شمار بھی بھیج رہے ہیں۔ اسٹیک لانچ اور کچھ وجوہات سے آربیٹر کے مشن کی مدت بڑھا کر سات برس کر دی گئی ہے ۔