چینائی : ہندوستان کے تیسرے چاند مشن چندریان3نے چہارشنبہ کی صبح چوتھا مرحلہ عبور کیا اور اپنی منزل کے قریب پہنچ گیا۔ یہ عمل چندریان کیلئے بہت اہم تھا اور جمعرات 17اگست کو چندریان لینڈر ماڈیول پروپلشن ماڈیول سے الگ ہو گا۔انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے مطلع کیا کہ چندریان 3نے چاند کے مدار کے ایک اور چکر کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے اور اب چاند کے مدار کے قریب پہنچ گیا ہے ۔ چندریان چاند کے چوتھے مدار میں داخل ہو گیا ہے ۔ چندریان خلائی جہاز چاند کی سطح سے صرف 163 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ اسرو نے کہا کہ اب تیاری کا وقت ہے کیونکہ پروپلشن ماڈیول اور لینڈر ماڈیول اپنے الگ الگ سفر کیلئے تیار ہیں۔ 5اگست کو چندریان کے چاند کے مدار میں داخل ہونے کے بعد یہ خلائی جہاز اب تک چار مراحل عبور کر کے چاند کے بہت قریب پہنچ چکا ہے ۔ اس کے بعد 23 اگست کو چندریان کو چاند کی سطح پر اترنا ہے جس پر پوری دنیا کی نگاہیں ہوں گی۔