چنچل گوڑہ جھگڑے میں زخمی نوجوان فوت

   

چھ ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ڈی سی پی ساوتھ زون کا بیان
حیدرآباد: چنچل گوڑہ نئی سڑک پر نوجوانوں کے جھگڑے میں زخمی نوجوان محمد عدنان آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس دبیر پورہ نے اس سلسلہ میں 6 نوجوان بشمول دو کم عمر کو غیر ارادتاً قتل کیس میں گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون ڈاکٹر گج راؤ گوپال نے کہا کہ 19 سالہ محمد عدنان ساکن فرحت نگر جو طالب علم تھے، کو 6 جون کو نوجوانوں کے گروپ نے شدید زد و کوب کیا تھا جس کے نتیجہ میں اس کے سر پر گہرا زخم آیا تھا ۔ پولیس نے کہا کہ سید خواجہ معین الدین عرف کامران ساکن چنچل گوڑہ ، سید نجیب اور سید مصطفیٰ مجیب ساکن چنچل گوڑہ اور 19 سالہ عبداللہ اور دیگر دو کم عمر نوجوان اس میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان آپس میں دوست تھے اور سید عباس عبداللہ کو گزشتہ چند دنوں سے چھیڑ رہا تھا اور اس کا پتہ چلنے پر عبداللہ شدید ناراض تھا اور 6 جون کو یہ نوجوان نئی سڑک چنچل گوڑہ ارشد علی ہاسپٹل کے قریب جمع ہوئے اور دونوں گروپس میںتکرار ہوئی ۔ اسی دوران محمد عدنان جھگڑے میں مداخلت کی اور عباس کے حق میں بولنے لگا تھا کہ مخالف گروپ نے عباس اور عدنان کو شدید زد و کوب کیا اور اسی دوران کامران نے عدنان کے سر پر مکا رسید کیا جس کے نتیجہ میں وہ بے ہوش ہوگیا ۔ نوجوان کو فوری دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا جہاں پر اس کا آپریشن کیا گیا۔ علاج کے دوران عدنان زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ ڈی سی پی نے کہا کہ اس سلسلہ میں 5 نوجوان بشمول ایک کم عمر کے خلاف تعزیرات دفعات 304(II) کا مقدمہ درج کیا گیا اور ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا۔