چنئی : تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلی اور دراوڑ منیترا کزگم کے سربراہ ایم کروناندھی کی چوتھی برسی پر پیر کو وزیر اعلی ایم کے اسٹالن سمیت اہم رہنماؤں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ مسٹر اسٹالن نے اپنے والد کے مجسمے پر گل پاشی کر کے خراج عقیدت پیش کیا، جو اوماندور گورنمنٹ اسٹیٹ کے ملٹی اسپیشلٹی ہسپتال میں نصب ہے ۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے کابینہ کے ساتھیوں، ڈی ایم کے ایم پیز، ایم ایل ایز اور بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مرینا بیچ کے سامنے کروناندھی کی یادگار پر ایک خاموش ریلی کی قیادت کی۔ اس دوران ڈی ایم کے پارٹی کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد، سیاہ قمیضیں پہنے اور ہاتھوں میں پارٹی کے جھنڈے لیے ، ریلی میں شریک ہوئے ۔ قبل ازیں مسٹر اسٹالن نے ڈی ایم کے پارٹی آرگن مرسولی کے دفتر کا دورہ کیا اور کروناندھی کی تصویر پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے گوپالپورم میں کروناندھی کی رہائش گاہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں نصب آنجہانی کروناندھی کی تصویر پر پھول چڑھائے ۔ ریاست میں ہر جگہ ڈی ایم کے پارٹی کارکنوں نے آنجہانی لیڈر کو خراج عقیدت پیش کیا۔