چوتھے مرحلے کے لوک سبھا انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی کے ادخال کا اختتام

   

نئی دہلی 9 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چوتھے مرحلے کے لوک سبھا انتخابات کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا آج آخری دن ہے ۔ چوتھے مرحلے کے تحت نوریاستوں کے 71لوک سبھا حلقوں میں اس ماہ کی 29تاریخ کو انتخابات منعقدہوں گے ۔ پرچہ نامزدگی کی جانچ کا کام کل مکمل کیاجائے گا۔ جب کہ اس ماہ کی 12 تاریخ تک امیدوار اپنے نام واپس لے سکتے ہیں۔ وہیں دوسری طرف پہلے مرحلے کے تحت منعقدہونے والے انتخابات کے لئے انتخابی مہم آج ختم ہوئی۔ 20ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام حلقوں کے تحت 11۔اپریل جمعرات کو رائے دہی ہوگی۔ دس ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کے تمام پارلیمانی حلقوں پر پہلے مرحلے میں انتخابات منعقدہوں گے جس میں آندھراپردیش ،اروناچل پردیش، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، سکم، انڈومان نکوبار، اورلکشدیپ ، تلنگانہ اور اتراکھنڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جن ریاستوں میں پہلے مرحلے کے تحت انتخابات منعقدہوں گے ان میں آسام ، بہار، چھتیس گڑھ، جموں وکشمیر، مہاراشٹرا، منی پور، اُڑیسہ، تریپورہ، اترپردیش اور مغربی بنگال شامل ہیں۔ ساتھ ہی آندھراپردیش ،سکم، اروناچل پردیش اور اُڑیسہ کی اسمبلی حلقوں کے لئے بھی انتخابی مہم کا آج اختتام ہوا۔