چودھری بیریندر سنگھ نے بی جے پی سے دیا استعفیٰ

   

جاٹ لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کی آج کانگریس میںشمولیت
چندی گڑھ: لوک سبھا انتخاب سے عین قبل ہریانہ سے بی جے پی کیلئے ایک بار پھر بری خبر سامنے آئی ہے۔ ریاست کے بڑے جاٹ لیڈر اور سابق مرکزی وزیر چودھری بیریندر سنگھ نے 8 اپریل کو بی جے پی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ ان کی سابق رکن اسمبلی بیوی نے بھی بی جے پی کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ بیریندر سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ منگل یعنی 9 اپریل کو کانگریس کی رکنیت اختیار کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل ہی چودھری بیریندر سنگھ کے بیٹے برجیندر سنگھ بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہو گئے تھے۔ بیریندر سنگھ کی بیوی اور ہریانہ سے بی جے پی کی سابق رکن اسمبلی پریم لتا نے بھی بی جے پی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ پریم لتا 2014 سے 2019 تک ریاست میں رکن اسمبلی رہی تھیں۔ دہلی میں میڈیا کو انہوں نے بتا یاکہ میں نے بی جے پی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے اور اپنا استعفیٰ نامہ پارٹی چیف جے پی نڈا کو بھیج دیا ہے۔ میری بیوی پریم لتا نے بھی پارٹی چھوڑ دی ہے۔ کل منگل کو ہم کانگریس میں شامل ہوں گے۔واضح رہے کہ چودھری بیریندر سنگھ کانگریس کے ساتھ چار دہائی سے زیادہ وقت پرانے رشتے کو توڑ کر تقریباً 10 سال قبل بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔