چٹ فنڈ کے نام پر کروڑہا روپئے کی دھوکہ دہی

   

گرفتار ملزم کی جیل منتقلی ، سی سی ایس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /8 جنوری (سیاست نیوز) چٹ فنڈ کمپنی کے نام پر کروڑہا روپئے کی دھوکہ دہی میں ملوث چٹ فنڈ کمپنی کے مالک ٹی ہنمنت راؤ کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس ) پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی نے کہا کہ سال 2010 ء میں ٹی ہنمنت راؤ متوطن ضلع کرشنا نے شبھانجلی چٹ فنڈ پرائیوٹ لمیٹیڈ یلاریڈی گوڑہ میں قائم کیا اور اپنے باپ ٹی ویریا کو اس کمپنی کا ڈائرکٹر بنایا ۔ ہنمنت راؤ ایک لاکھ تا ایک کروڑ کی چٹھی چلاتا تھا ۔ درخواست گذاروں نے سال 2018 ء کے مارچ اور اپریل کے مہینوں کی چٹھی اٹھائی لیکن چٹ فنڈ کمپنی کا مالک انہیں چٹھی کی رقم دینے سے قاصر رہا اور دھوکہ دہی کی غرض سے اس نے دو چیکس دیئے ۔ ہنمنت راؤ نے دیگر دو افراد کے سرینواس راؤ اور اس کی بیوی کے پدمجا کو بھی چٹھی کی رقم حوالے نہیں کی ۔ شبھانجلی چٹ فنڈ کمپنی کے خلاف سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور پولیس کو یہ معلوم ہوا کہ مذکورہ چٹ فنڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر نے 2.42 کروڑ رقم کا غبن کیا ہے ۔ گرفتار ملزم کو نامپلی کریمنل کورٹ میں پیش کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا گیا ۔